تلپاڈی 10 / اکتوبر (ایس او نیوز) تلپاڈی میں نیشنل ہائی وے پر واقع 6 دکانوں میں کل شب میں بیک وقت چوری کی وارداتیں پیش آئیں جس کے بعد عوام نے اسے پولیس کی نااہلی قرار دیتے ہوئے اپنے غصہ کا اظہار کیا ہے ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق چوروں نے رات کے وقت ہائی وے سے متصل اشرف، کلدیپ، سریدھر ، محمد وغیرہ کی چھوٹی چھوٹی دکانوں کو نشانہ بنایا اور دکانوں کے تالے توڑ کر اندر گھسنے کے بعد وہاں سے ہزاروں روپے مالیت کے سگریٹ اور نقدی پر ہاتھ صاف کیا ہے -
خیال رہے کہ اس سے قبل منجیشور اور کنجاتھور میں اسی انداز میں چوری کی وارداتیں انجام دی گئی تھیں ۔ چونکہ تلپاڈی کے سرحدی علاقے میں گانجہ کا نشہ کرنے والوں کی بھرمار ہے ، اس لئے سمجھا جاتا ہے کہ چوری کی ان وارداتوں کے پیچھے انہی نشہ بازوں کا ہاتھ ہوگا ۔ شبہ کیا جا رہا ہے کہ کل رات جو ایک ماروتی 800 کار علاقے میں چکر لگاتی نظر آئی تھیں اسی میں آنے والی چوروں کی ٹولی نے یہ کارروائی کی ہوگی ۔
عوام کو اس بات پر حیرت ہے کہ پولیس تلپاڈی پر سخت نگرانی اور چیکنگ کرتی ہے اور الال پولیس اسٹیشن کی ایک جیپ، سب انسپکٹر کی گاڑی ، ہائی پیٹرولنگ کی گاڑی ، ہوئسلا گاڑی کے علاوہ بائک پر گھومنے والے بیٹ پولیس اہلکاروں کی موجودگی کے باوجود یہاں چوری کی وارداتیں انجام دی جا رہی ہیں اور پولیس مجرموں کو گرفتار کرنے میں ناکام ہو رہی ہے ۔